بھوپال 30 جون (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) کارپوریشن افسر سے مارپیٹ معاملہ میں بی جے پی کے ممبر اسمبلی آسمان وجے ورگی کو ضمانت مل گئی ہے. بی جے پی جنرل سکریٹری اور سینئر لیڈر کیلاش وجے ورگی کے ’’قابل ولائق ‘‘بیٹے آکاش وجے ورگی کی ضمانت کی درخواست کو بھوپال کی اسپیشل کورٹ نے آج (ہفتہ) منظوری دے دی ہے۔ آکاش وجے ورگی کو 20-20 ہزار روپے کے بانڈ پر بیل ملی ہے۔بتا دیں کہ آکاش وجے ورگی کی ضمانت کے معاملے میں ہفتہ دوپہر کو سماعت پوری ہوئی، جس میں دونوں فریقوں کے وکلاء نے اپنی دلیلیں اسپیشل کورٹ کے سامنے رکھیں۔ جس کے بعد خصوصی جج سریش سنگھ نے فیصلہ محفوظ رکھا اور ضمانت کا اعلان کیا۔ذرائع کے مطابق آکاش وجے ورگی کی کیس ڈائری میں دو دفعہ بڑھائے جانے کی اطلاع ملی ہے۔ سرکاری وکیل راجندر اپادھیائے کے مطابق آکاش وجے ورگی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 332 اور دفعہ 427 بڑھائی گئی ہے۔ سیکشن 332 میں سرکاری ملازم کو پیٹنے اور دفعہ 427 میں سرکاری سامان کو توڑنے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ واضح ہو کہ اس سے پہلے بی جے پی کے رکن اسمبلی آکاش وجے ورگی کی ضمانت کی درخواست کو اندور کورٹ نے مسترد کر دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اندور کورٹ نے کہا تھا کہ یہ معاملہ ممبر اسمبلی سے منسلک ہے، اس لیے اس کی سماعت کرنا ان کے دائرۂ اختیار میں نہیں ہے۔ اس معاملے کی سماعت ممبر اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کے لئے تشکیل شدہ اسپیشل کورٹ میں کی جائے۔